امریکا ترکی کوایف 16 دینے پرآمادہ
انقرہ (این این آئی)ترکی کی جانب سے فن لینڈ اورسویڈن کی نیٹو میں شمولیت کا راستہ صاف کرنے کے 24 گھنٹے سے بھی کم عرصے میں پینٹاگون کی ایک سینئر عہدہ دار نے کہا ہے کہ امریکا نیٹو کی سلامتی کے لیے تعاون کے ضمن میں ترکی کو ایف 16 لڑاکا طیاروں کی فروخت پرآمادہ ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق محکمہ دفاع کی سینئرعہدہ دار نے بتایا کہ امریکا ترکی کے لیے ایف 16 لڑاکا طیاروں کی جدید کاری کے معاہدے کی حمایت کرتا ہے۔
اس عہدہ دار کے مطابق اگر امریکا مخصوص ٹیکنالوجی مہیا کرتا ہے توترکی کے ایف 16لڑاکا طیاروں کے موجودہ بیڑے کی عمرمیں قریبا پانچ سے 10 سالکی توسیع ہوسکے گی۔
یہ اب ترکی پر منحصر ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتا ہے اور وہ روس سے خرید کردہ ایس 400 فضائی دفاعی نظام کو یوکرین کوفروخت کرسکتا ہے۔اگرچہ اس کا امکان نہیں لیکن عہدہ دار نے نشان دہی کی کہ اگرایسا ہوتا ہے تو اس سے کانگریس کی طرف سے یقینی طور پر مثبت ردعمل دیکھنے کو ملے گا۔