بیجنگ (اے پی پی)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان ہر قسم کے حالات کے سٹریٹجک شراکت دار ہیں، پاکستان “فرینڈز آف دی گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو” گروپ کا ایک اہم رکن ہے، چین عالمی ترقی کو فروغ دینے، اقوام متحدہ کے
دو ہزار تیس کے پائیدار ترقی اور علاقائی تعاون کے ایجنڈے پر عمل درآمد کو فروغ دینے میں پاکستان کے اہم کردار کو بہت اہمیت دیتا ہے اور وہ پاکستان کے ساتھ قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ان خیالات کا اظہار پریس کانفرنس میں کیا جس میں چین کی میزبانی میں برکس سربراہی اجلاس میں پاکستان کی عدم شرکت پر ذرائع ابلاغ کے ایک حصے کی طرف سے سوال اٹھایا گیا تھا۔ ژاؤ لی جیان نے کہا کہ برکس ممالک نے مشاورت کی بنیاد پر عالمی ترقی پر ایک اعلیٰ سطحی مذاکرات کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان نے ترقیاتی امور پر آپس میں بہت زیادہ تعاون کیا ہے جس سے دونوں ممالک اور خطے کے عوام کو ٹھوس فوائد حاصل ہوئے ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ چین ہمیشہ کی طرح عالمی ترقیاتی اقدام کو نافذ کرنے میں پاکستان کو ایک ترجیحی شراکت دار کے طور پر دیکھے گا اور وہ عالمی ترقی کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔