اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ویڈیو شیئرنگ کی مقبول ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے والے چند کریئٹرز سے ملاقات کے سوشل میڈیا پر کافی چرچے ہوگئے۔
عمران خان سے ملاقات کرنے والے ٹک ٹاکرز میں ذوالقرنین اور ان کی اہلیہ کنول آفتاب سمیت ملک عثمان، مناہل اور دیگر شامل تھے۔ٹک ٹاکر ملک ٹی وی پروگرام کے مہمان بنے جس میں انہوں نے اس ملاقات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔عثمان ملک نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں ٹک ٹاک سیاسی طور پر مؤثر ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ ٹوئٹر تک ہر شخص کی رسائی نہیں ہے تاہم ٹک ٹاک ہر عام آدمی کے پاس موجود ہے، ہم کوئی بھی ویڈیو بنائیں وہ ہر شخص تک جاتی ہے۔ملک عثمان نے کہا کہ ہمیں فی الحال اس چیز کے حوالے سے علم نہیں کہ عمران خان کا ٹک ٹاکرز سے ملنے کا کیا مقصد تھا، ہماری پی ٹی آئی چیئرمین سے صرف 15 سے 20 منٹ کے لیے ملاقات ہوئی۔ٹک ٹاکر کا کہنا تھا کہ ہماری اس کچھ دیر کی ملاقات میں پہلے سب نے اپنا تعارف کروایا اس کے بعد ہم سب کو سوالات پوچھنے کا موقع دیا گیا۔