اسلام آباد(آن لائن) سابق وزیراعظم عمران خان کے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کے موقع پر وکلاء دو دھڑوں میں تقسیم، کپتان کی آمد کے موقع پر پنڈال خالی ،بار ایسوسی ایشن کے صدر شعیب شاہین پریشانی کے عالم میں وکلاء کو کال کر کے بلاتے رہے ۔
آن لائن کے پوچھنے پر کہ وکلاء کیوں نہیں آئے تو بتایا گیا کہ عدالتوں کا پیک وقت ہے، وکلاء عدالتوں میں مصروف ہیں تھوڑی دیر تک پنڈال بھر جائے گا۔اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سابق وزیراعظم کو عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن سے خطاب کی دعوت دی تھی۔ تقریب کے انتظامات اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطہ میں کئے گئے عمران خان کے خطاب کا وقت دن گیارہ بج رکھا گیا ۔ وکلاء کی عدم دلچسپی پر تین بار وقت تبدیل کیا گیا۔ گیارہ بجے سے تبدیل کر کے ساڑھے گیارہ بجے اور پھر ساڑھے گیارہ بجے سے تبدیل کر پونے بارہ بجے رکھا گیا۔ عمران خان پونے بارہ بجے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے تو پنڈال خالی تھا عمران کی آمد پر بھی پنڈال نہ بھر سکا۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے بھی شرکاء کے نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔