سنگاپورسٹی(این این آئی)چین نے امریکہ کو بتا دیا ہے کہ وہ تائیوان کے مسئلے پر کسی سمجھوتے کے لیے تیار نہیں اور اس معاملے میں وہ جنگ کرنے سے بھی نہیں ہچکچائے گا۔ ادھر امریکہ نے بیجنگ کے اشتعال انگیزروئیے پر شدید نکتہ چینی کی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق چینی وزیر دفاع وائی فینگی کی اپنے امریکی ہم منصب لائیڈ آسٹن کے ساتھ پہلی بار ملاقات ہوئی اور آمنے سامنے کی اس بات چیت کے ایک دن بعدامریکی وزیردفاع آسٹن نے تائیوان کے حوالے سے چین کے روئیے پر سخت تنقید کی۔سکیورٹی سے متعلق سنگاپور میں شنگریلا ڈائیلاگ سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ ہم نے تائیوان کے قریب اشتعال انگیز اور غیر مستحکم کرنے والی فوجی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ دیکھا ہے۔ اس میں حالیہ مہینوں میں ریکارڈ تعداد میں تائیوان کے قریب پرواز کرنے والے (چینی فوجی)طیارے شامل ہیں اور یہ تقریبا روزانہ کی بنیاد پر ہو رہا ہے۔ امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے ایک بار پھر سے جزیرہ تائیوان کے آس پاس چینی اشتعال انگیزی اور غیر مستحکم کرنے والی عسکری سرگرمیوںپر شدید نکتہ چینی کی ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکہ ایشیا بحرالکاہل خطے میں اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ چین نے امریکہ کو بتا دیا ہے کہ وہ تائیوان کے مسئلے پر کسی سمجھوتے کے لیے تیار نہیں اور اس معاملے میں وہ جنگ کرنے سے بھی نہیں ہچکچائے گا۔