اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزارت مذہبی امور کی جانب سے 200 ملازمین و افسران کی فہرست سامنے آگئی ہے جو اس سال سرکاری طور پرحج کی سعادت حاصل کریں گے۔انگریزی اخبار دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق رواں سال حج پر جانے کیلئے وزارت مذہبی امور نے
200 افراد کے ناموں کو حتمی شکل دیدی ہے۔جن میں وزیر مذہبی امور کے اپنے دفتر کے 35 افراد شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق ان 35 افراد میں وفاقی وزیر مذہبی امور کے 5 ڈرائیورز، چار گن مین، ایک باورچی جبکہ 11 سیکرٹریز اور اسسٹنٹ شامل ہیں، وزیر مذہبی امور خود بھی اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔وزارت مذہبی امور کی جانب سے اس فہرست کو باقاعدہ طور پر جاری کردیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس فہرست میں شامل ناموں کو اس لیے فائنل کیا گیا ہے تاکہ یہ افراد سعودی عرب میں پاکستانی عازمین کو بہتر خدمات فراہم کرسکیں اور انہیں حج کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچاسکیں۔خبررساں ادارے کی جانب سے جن اس حوالے سے سیکرٹری وزارت مذہبی امور آفتاب اکبر درانی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وزارت کا عملہ ہر سال حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جاتا ہے، ڈرائیورز اور گن مین جیسے ملازمین کو سامان وغیرہ اٹھانے میں مدد کیلئےساتھ لے جایا جاتا ہے۔