اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لوگوں کے یو بی ایل اکاؤنٹس سے پراسرار طور پر رقم غائب ہونے لگی، یونائیٹڈ بینک کے صارفین کی بڑی تعداد نے پراسرار طور پر
اپنے اکاؤنٹس سے رقم غائب ہونے کی شکایت کی ہے، معروف ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ دو سے تین روز میں متعدد صارفین نے شکایت کی ہے کہ ان کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے بل ادا کرنے یا آن لائن خریداری کی ادائیگی کرنے کے میسجز موصول ہو رہے ہیں لیکن انہوں نے نہ تو کوئی بل ادا کیا ہوتا ہے اور نہ ہی کوئی خریداری کی ہوتی ہے۔بینک صارفین کا کہنا ہے کہ ہم نہیں جانتے کہ ہمارے بینک اکاؤنٹ سے رقم کہاں جا رہی ہے۔ایک متاثرہ صارف ایمن شہاب نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ یو بی ایل روئے زمین پر سب سے زیادہ ناقابل اعتماد بینک ہے۔ میرے کارڈ کے ذریعے ’ایپل ڈاٹ کام‘ پر دو بار ادائیگی کی گئی ہے، صارف کا کہنا تھا کہ میں نے اپنا کارڈ زندگی میں کبھی آن لائن ادائیگی کے لیے استعمال نہیں کیا۔