اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ذکا اشرف نے قومی کرکٹ ٹیم کے 2012 کے دورہ بھارت کے حوالے سے اہم انکشاف کیا ہے۔ایک انٹرویو میں
ذکا اشرف نے انکشاف کیا ہے کہ 2012 میں جب پاکستان ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا تھا تو کسی تنازع سے بچنے کیلئے کرکٹرز کو بیگمات ساتھ لے کر جانے کی ہدایت کی کیونکہ پڑوسی ملک میں اکثر چھوٹی، چھوٹی باتوں کے اسکینڈلز بنا دیے جاتے ہیں، اس لیے کھلاڑیوں سے کہا اپنی بیگمات کو ساتھ رکھو، یہ تم پر نظر رکھیں گی۔ذکا اشرف نے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کو بھی غیر آئینی قرار دیا اور کہا کہ بورڈ آف گورنر زمیں دو دو سال کیلئے ہر ریجن کے نمائندے آتے تھے لیکن اب بورڈ آف گورنرز کے تمام ممبر نامزد ہوتے ہیں جو چیئرمین کا انتخاب کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور میں کرکٹر بیر وزگار ہوئے، نئے پیٹرن اور وزیر اعظم شہباز شریف ابھی ملکی مسائل کا حل تلاش کرنے کیلئے سرگرم ہیں، موقع ملتے ہی ان سے کرکٹ معاملات پر بات کرتے ہوئے اپنا مشورہ دیں گے۔