لاہو ر(این این آئی) تحریک انصاف کے ناراض 24 اراکین پنجاب اسمبلی نے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے وزارت اعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی ۔نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے 24 منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کیخلاف ریفرنس
جمع کرائے جانے کے بعد منحرف اراکین بھی ضد پر اڑ گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی سے ناراض اراکین پنجاب اسمبلی نے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے وزارت اعلی کے امیدوار حمزہ شہباز کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں بلیک میل کرنے کیلئے ہمارے خلاف ریفرنس جمع کرایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ناراض اراکین کو اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وزارت اعلی کے امیدوار چوہدری پرویزالٰہی کی جانب سے واپسی کا پیغام دیا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ ناراض ارکان واپس آجائیں ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائیگی۔ناراض ارکان کے ذرائع نے بتایا کہ حمزہ شہبازکی حمایت کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے اور ریفرنس کا جواب بھی نہ دینے کا مشترکہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پی ٹی آئی سے ناراض بیشتر اراکین اسمبلی نے وزارت اعلی کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کے بعد مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ لاہور میں ہم سب متحد ہیں کوئی ایک رکن بھی نہیں توڑ سکیں گے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے چند روز قبل 24 ناراض ارکان کیخلاف اسپیکر کو ریفرنس جمع کرایا تھا، ان ارکان میں ترین، عبدالعلیم خان اور اسد کھوکھر گروپ کے لوگ شامل ہیں۔