لاہور/کراچی( این این آئی) فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 4 روپے 99 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کر دی گئی، اضافہ فروری کے لیے فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سی پی پی اے نے نیپرا میں درخواست دائر کردی ہے جس پر 31 مارچ کو سماعت کی جائے گی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ کوئلے سے 31.70 فیصد، فرنس آئل سے 6.51 فیصد ،مقامی گیس سے 11.36اور ایل این جی سے 15.16 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔ فروری میں جوہری ایندھن سے 12.53 فیصد بجلی پیدا ہوئی، فروری کے لئے ریفرنس فیول لاگت 4 روپے 25 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔دوسری جانب کے الیکٹرک صارفین کے لیے بھی بری خبرہے، بجلی 3 روپے 45 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ فروری کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے، نیپرا 4 اپریل کو سماعت کرے گا ۔منظوری کی صورت میں کے الیکٹرک صارفین پر 3 ارب 95 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔