لاہور، اسلام آباد( این این آئی)وزیراعلی پنجاب کی مخالفت میں سامنے آنے والے عبد العلیم خان اچانک بیرون ملک روانہ ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق عبدالعلیم خان برطانیہ روانہ ہوئے ہیں جہاں وہ جہانگیر ترین سے پنجاب کی موجودہ صورتحال پر مشاورت اورآئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل طے کریں گے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عبد العلیم خان اپنے ذاتی جہاز پر برطانیہ روانہ ہوئے۔سابق سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان سے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی تھی، ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے عبد العلیم خان کو وزیراعظم کا خصوصی پیغام پہنچایا تھا۔عبد العلیم خان نے وزیراعظم کے پیغام کے حوالے سے فواد چوہدری اور عمران اسماعیل سے جہانگیر ترین کے ساتھ مشاورت تک کا وقت مانگا تھا۔دوسری جانب وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقات میں اپنا استعفیٰ پیش کیا تاہم وزیراعظم نے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ استعفے سے معاملات حل ہوتے ہیں تو وزارت اعلیٰ چھوڑ دیتا ہوں، عمران خان اور پارٹی کے ساتھ ہوں اور رہوں گا۔وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ کا مشکور ہوں، مجھے وزیراعلیٰ پنجاب بنایا، مجھے کسی عہدے کا لالچ نہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔