لاہور(این این آئی)پنجاب حکومت نے مالی سال 2025-26کے دوران 11نئی سکیمیں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جنہیں ضمنی ترقیاتی پروگرام کے تحت شامل کیا جائے گا، ابتدائی تخمینے کے مطابق ان سکیموں پر 8سے 10ارب روپے تک لاگت آئے گی۔حکومت نے ان منصوبوں کے لیے رواں مالی سال کے دوران ہی فنڈز کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے تاکہ فوری عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے۔شامل کی جانے والی نئی سکیموں میں تعلیم، صحت، توانائی اور شہری سہولیات سے متعلق عوامی فلاحی منصوبے شامل ہیں۔
متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ سکیموں کی پی سی ون تیار کر کے جلد از جلد منظوری کا عمل مکمل کریں تاکہ منصوبوں کا آغاز بروقت ہو سکے۔حکومت کا کہنا ہے کہ ان سکیموں کو رواں مالی سال میں شامل کرنے کا مقصد ترقیاتی تسلسل برقرار رکھنا اور عوامی فلاحی منصوبوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔