اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کی اصل وجوہات سامنے آگئیں۔ذرائع کے مطابق، محمد رضوان خود بھی کپتانی چھوڑنے کے خواہش مند تھے اور انہوں نے اس بارے میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو آگاہ کر دیا تھا۔ سما نیوز کے مطابق، رضوان کی قیادت میں ٹیم کے اندر اتفاق و ہم آہنگی میں کمی دیکھی گئی، جس کے بعد انہوں نے اپنی ذاتی کارکردگی پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق، رضوان کی اس خواہش پر ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ایک باضابطہ خط لکھ کر آگاہ کیا اور کپتانی کے مستقبل کے حوالے سے حتمی فیصلہ بورڈ پر چھوڑ دیا۔یاد رہے کہ محمد رضوان کو 27 اکتوبر 2024 کو قومی ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم، حالیہ بورڈ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف آنے والی ون ڈے سیریز کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو نیا کپتان مقرر کیا جائے گا۔