لاہور (این این آئی) اوورسیز پاکستانیوں کو گاڑی کی خریداری اور ٹرانسفر کے عمل میں بڑی سہولت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ، اب گاڑی کی خرید و فروخت اور منتقلی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق سے ممکن ہو سکے گی۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور سندھ میں پاک آئی ڈی ایپ پر بائیو میٹرک سسٹم کے آغاز کے بعد پنجاب حکومت بھی متحرک ہو گئی ہے۔ ڈی جی ایکسائز کی جانب سے سسٹم انٹگریشن کیلئے نادرا سے دوبارہ رابطہ کر لیا گیا ہے تاکہ سہولت کو جلد از جلد پنجاب میں بھی متعارف کرایا جا سکے۔پاک آئی ڈی ایپ میں گاڑی نمبر، چیسز نمبر اور مالک کا نام درج کر کے بائیو میٹرک تصدیق کی جا سکے گی۔
اس سے قبل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو گاڑی ٹرانسفر کیلئے اتھارٹی لیٹر ایمبیسی سے تصدیق کروا کر پاکستان بھجوانا پڑتا تھا، جو ایک طویل اور پیچیدہ عمل تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے منتقلی سے اوورسیز پاکستانیوں کے نام پر گاڑیوں کی جعلسازی اور غیر قانونی ٹرانسفر کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ اس وقت بائیو میٹرک میں تاخیر کے باعث ہزاروں گاڑیاں اوپن لیٹر پر چل رہی ہیں۔حکام کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق ایکسائز اور نادرا کے درمیان معاملات پہلے ہی طے پا چکے تھے، اب دونوں اداروں کے سسٹمز کو باہم انٹگریٹ کر کے بائیو میٹرک سہولت جلد فراہم کی جائے گی، جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو نمایاں ریلیف ملے گا۔














































