میرپور (این این آئی)ویسٹ انڈیز نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا منفرد ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔2 بار کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز ون ڈے میچ میں تمام 50 اوورز اسپنرز سے کروانے والی دنیاکی پہلی ٹیم بن گئی۔ویسٹ انڈیز نے میرپور میں بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں 5 اسپنرز استعمال کیے اور پورے 50 اوورز اسپنرز نے ہی کرائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین، روسٹن چیز، کھارے پیئر، گداکیش موتی اور ایلیک اتھانازی نے اوور کرائے۔ون ڈے کرکٹ کی 54 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی ٹیم نے پورے 50 اوورز اسپنرز سے کرائے ہوں۔اس سے قبل سری لنکا نے 1996 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 44 اوورز اسپن کے کرائے تھے۔ سری لنکا نے نیوزی لینڈ کے خلاف 1998 اور آسٹریلیا کے خلاف 2004 میں بھی اسپن کے 44 اوورز کرائے تھے۔واضح رہے کہ بنگلادیش نے 3 میچز کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 214 رنز کا ہدف دیا۔