اسلام آباد (نیوز ڈ یسک ) بھارتی پنجابی گلوکار تیجی کالون پر کینیڈا میں قاتلانہ حملہ ہوا ہے، جس میں وہ مبینہ طور پر زخمی ہو گئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ کینیڈا میں پیش آیا اور اس کی ذمہ داری معروف بھارتی گینگسٹر روہت گودرا کے گروہ نے قبول کر لی ہے۔رپورٹس کے مطابق، سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ایک پیغام میں ملزمان نے الزام عائد کیا کہ تیجی کالون مخالف گروہوں کو اسلحہ اور رقم فراہم کرتے رہے ہیں اور وہ ان کے لیے مخبر کے طور پر کام کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ “ہم نے کینیڈا میں تیجی پر فائرنگ کی، اسے پیٹ میں گولی لگی ہے۔ اگر وہ باز آگیا تو ٹھیک، ورنہ اگلی بار ہم اسے ختم کر دیں گے۔”ادھر کینیڈین حکام نے واقعے کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج، شواہد اور عینی شاہدین کے بیانات اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق، گلوکار کی صحت کی صورتحال اور حملہ آوروں کی گرفتاری سے متعلق اب تک کوئی نئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ تیجی کالون کا سب سے مشہور گانا “مِٹھی جیل” 2019 میں ریلیز ہوا تھا، جب کہ ان کے دیگر معروف گانوں میں “جھومر”, “8 کِتّیاں”, “دو کِلے” اور “ٹائم چک دے” شامل ہیں۔