اسلام آباد، پشاور (آن لائن، این این آئی) وزیراعظم عمران خان کو پشاور دھماکہ کے حوالے سے سیکیورٹی حکام نے بریفنگ دی ۔ واقع سے متعلق ابتدائی تحقیقات اور حساس معلومات سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے واقع میں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ واقع کے سہولت کاروں تک پہنچنے کیلئے تمام ریاستی وسائل استعمال کئے جائیں۔
دوسری جانبصوبائی دارالحکومت پشاور میں گزشتہ روز جامع مسجد میں ہونے والے دھماکے کے مزید 5 زخمی دوران علاج چل بسے ۔ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے مطابق گزشتہ روز اسپتال میں 57 افراد کی میتیں لائی گئی تھیں جبکہ دھماکے کے 37 زخمی زیر علاج ہیں جن میں سے 5 آئی سی یو میں ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے مزید 5 زخمی دوران علاج دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہسپتال میں دم توڑنے والے افراد کی تعداد 62 ہو گئی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے قصہ خوانی بازار میں نماز جمعہ کے دوران جامع مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے میں 57 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے پیچھے سب سے بڑی وجہ شدت پسندی ہے،ریاست کے شدت پسندی کیخلاف بڑے اقدامات کرنے میں پارلیمان اور عدلیہ کا تعاون ناگزیر ہے ۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ دہشت گردی کے پیچھے سب سے بڑی وجہ شدت پسندی ہے۔
انہوں نے کہاکہ شدت پسندی کو دشمن ہتھیار بنالیتا ہے،شدت پسندی منبر،سکول اور تھانہ کے کردار ادا نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ ریاست کے شدت پسندی کیخلاف بڑے اقدامات کرنے میں پارلیمان اور عدلیہ کا تعاون ناگزیر ہے ۔ وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ ہمیں اقدام کرنے ہوں گے اس کیلئے اتفاق رائے چاہیے۔