بیجنگ (این این آئی)چین نے مغربی ممالک کی جانب سے روس پر عائد پابندیوں میں شامل نہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین پر اس کے اثرات محدود ہوں گے۔
عالمی میڈیا کے مطابق چین کے بینکنگ ریگیولیٹر نے کہا کہ روس پر لگنے والی پابندیوں کا ہم حصہ نہیں ہوں گے۔قبل ازیں چین نے یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کرنے سے انکار کیا تھا اور پابندیوں کے حوالے سے کہا تھا کہ یہ غیرقانونی اور یک طرفہ پابندیاں ہیں۔چائنا بینکنگ اینڈ انشورنس ریگیولیٹر کمیشن کے چیئرمین گیو شکنگ نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ جہاں تک مالی پابندیوں کا معاملہ ہے، ہم ان کی توثیق نہیں کرتے، خاص طور پر یک طرفہ شروع کی گئی پابندیوں کی کیونکہ یہ بہتر نہیں ہوگا اور اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کی پابندیوں میں شامل نہیں ہوں گے، ہم متعلقہ فریقین کے ساتھ معمول کے مطابق معاشی اور تجارتی تبادلے جاری رکھیں گے۔