ایبٹ آباد (این این آئی)گلیات میں برف باری کے طوفان کے باعث مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، تمام راستے بند ہونے پر سیاحوں کو نتھیا گلی سمیت گلیات نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی آئی جی ہزارہ کے مطابق گلیات کے داخلی و خارجی راستوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، نتھیاگلی جانے والے افراد کو واپس بھیجا گیا ،انہوں نے بتایا کہ گلیات سے مری جانے والے پھنسے ہوئنے سیاحوں کو ہوٹلوں میں منتقل کر دیا گیا ۔
صوبہ خیبر پختون خوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے بتایا ہے کہ گلیات میں 6 فٹ تک برف پڑ چکی ہے اور یہاں برفانی طوفان کے باعث آمد و رفت بند ہے۔انہوں نے بتایا کہ گلیات میں درجنوں گاڑیوں کو ریسکیو کر دیا گیا ، ہوٹلز مالکان کو سڑکیں کھلنے تک سیاحوں کو چیک آئوٹ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔کمشنر ہزارہ مطہر زیب نے بتایا کہ گلیات میں برف میں پھنسی ساڑھے7 ہزار گاڑیوں کو نکال دیا گیا ہے، سیاحوں کو ہوٹلوں اور محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا انہوں نے بتایا کہ گلیات کے ہوٹلوں میں 1500 کمرے ہیں، جھینگا گلی میں ساڑھے 6 فٹ برف پڑی ہے۔کمشنر ہزارہ مطہر زیب نے بتایا کہ جھینگا گلی سے مری تک روڈ کو صاف کر رہے ہیں، نتھیا گلی تک روڈ مکمل طور پر بند ہے، جس پر 5 فٹ برف موجود ہے۔ادھر مری اور گلیات میں شدید برف باری کے دوران آئی جی پنجاب رائو سردار علی نے پولیس کو برف باری میں پھنسے سیاحوں کی ہنگامی بنیادوں پر مدد کرنے کا حکم دے دیا۔آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ آر پی او، سی پی او اور سی ٹی او راولپنڈی مری میں موجود ہیں، انہیں ہدایت کی جاتی کہ خواتین، بچوں اور بزرگوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر پہنچایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پھنسے ہوئے لوگوں کو کمبل، گرم کپڑے اور خوراک کی ترسیل یقینی بنائی جائے، آر پی او راولپنڈی سارے آپریشن کی خود نگرانی کریں۔آئی جی پنجاب رائو سردار علی نے پنجاب ہائی ویز پولیس کو ہیوی مشینری مری پہنچانے کا حکم دیا۔