لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم کی عدالت نے فضائی آلودگی کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے کمشنر لاہور کیپٹن (ر) عثمان کی جانب سے فضائی آلودگی کی روک تھام کے لئے کئے گئے
اقدامات پر کمشنر لاہور کے آئندہ دو ماہ کے تبادلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر کمشنر لاہور، لارڈ میئر بلدیہ عظمیٰ لاہور سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت عالیہ نے کمشنر لاہور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ کو تاریخ کے لئے بلایا گیا ہے اور عدالت نے آئندہ دو ماہ تک آپ کا تبادلہ نہ کرنے کا حکم جاری کیا ہے جس پر کمشنر لاہور نے کہا کہ اگر لاہور ہائیکورٹ اور چیف سیکرٹری پنجاب کی سپورٹ نہ ہوتی تو شاید ان کے لئے اقدامات اٹھانا ممکن نہ تھا۔ جس پر عدالت عالیہ نے حکم دیا کہ وہ اس نیک مقصد کے لئے آپ کی سپورٹ کرتی رہے گی۔ عدالت عالیہ نے آئندہ سماعت 14 دسمبر تک کے لئے ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کو حکم دیا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں۔