تہران (این این آئی)ایران کی قومی کرنسی ریال کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے اور اس نے چھ عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری سمجھوتے کی بحالی کی نئی کوششوں کے بعد ریکارڈ نچلی
سطح تک ٹھوکرکھائی ہے۔کرنسی تبادلے کا کاروبار کرنیوالی دو دکانوں اور میڈیا رپورٹس کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر تین لاکھ ایرانی ریال سے تجاوزکرگیا ہے۔ یہ سطح آخری مرتبہ اکتوبر2020 میں دیکھی گئی تھی جب ریال ڈالر کے مقابلے میں ریکارڈ سطح پرگرگیا تھا۔تہران کے وسط میں کرنسی کے لین دین کا کاروبار کرنے والے چارتاجروں نے مارکیٹ میں اتارچڑھا ئوکا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ڈالرفروخت نہیں کررہے ہیں۔ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان 2015 میں طے شدہ جوہری سمجھوتے کو بچانے کی کوشش کے ضمن میں گذشتہ ہفتے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں مذاکرات دوبارہ شروع ہوئے تھے لیکن یہ مذاکرات جمعہ کو ختم ہوگئے ہیں اوران میں کسی ٹھوس پیش رفت کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے۔مذاکرات کا اگلا دورآیندہ ہفتے شروع ہونے والا ہے۔