اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کے لیے دوبارہ منتخب ہو گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کو 2022-2024 کے
لیے کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کے لیے دوبارہ منتخب کر لیا گیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ انتخابات 29 نومبر سے 2 دسمبر تک دی ہیگ میں منعقدہ ریاستی جماعتوں کی کانفرنس کے حال ہی میں ختم ہونے والے 26 ویں اجلاس کے دوران ہوئے۔ترجمان کے مطابق ایگزیکٹو کونسل کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم کا بنیادی پالیسی ساز ادارہ ہے۔ ترجمان نے کہاکہ ایگزیکٹو کونسل کنونشن کے مؤثر نفاذ اور اس کی تعمیل کی نگرانی کا ذمہ دار ہے،پاکستان کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم کا ایک فعال رکن ہے ،ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان تنظیم کے مقاصد کی تکمیل کے لیے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے ترجمان نے کہاکہ کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم کی41 رکنی ایگزیکٹو کونسل کے لیے دوبارہ انتخاب پاکستان کے مثبت کردار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔