لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)قومی کرکٹر حسن علی کے والد عبدالعزیز نے نجی ٹی وی سی 21 کو انٹرویو میں کہا ہے کہ حسن علی پہلے بھی ہیرو تھا اور اب بھی ہیرو ہے، اللہ کی مہربانی سے پوری ٹیم ہیرو ہے، تمام قومی کھلاڑی
میرے بیٹے ہیں، آگے بھی یہ ہیرو ہی رہیں گے۔عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ انڈیا کو شکست دی تو ہم ہیرو تھے، نیوزی لینڈ کو شکست دی تو بھی ہم ہیرو تھے، لگاتار 5 میچز جیتے تو بھی ہیرو تھے۔ان کا کہنا تھا کھلاڑی دل چھوٹا نہ کریں، میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں، ان شاء اللہ یہ ہیرو بن کر اوپر آئیں گے۔دوسری جانب آسٹریلوی بلے باز میتھیو ویڈ نے کہا ہے کہ حسن علی کیچ ڈراپ نہ کرتے تب بھی فتح کا مشن مکمل کرلیتے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ آخری 2 اوورز سے قبل ہی کھیل کا پانسہ ہمارے حق میں پلٹ گیا تھا،میں یقینی طور پر نہیں کہہ سکتا کہ میری وکٹ گرنے پر بھی جیت حاصل نہیں ہوسکتی تھی، میرے بعد بیٹنگ کیلئے آنے والے پیٹ کمنز اور کریز پر پہلے سے موجود مارکوس اسٹوئنس بھی فتح کا مشن مکمل کرسکتے تھے۔