ابو ظہبی /دبئی(این این آئی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021کا دوسرا سیمی (آج)گیار ہ نومبر کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائیگا ، پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام سات بجے کھیلے جائینگے ۔آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2021کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی، پاکستان، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر نے میں کامیاب رہیں
،پاکستانی ٹیم نے ورلڈکپ سپر 12 رائونڈ کے گروپ ٹو میں روایتی حریف بھارت، نیوزی لینڈ، افغانستان، نمیبیا اور سکاٹ لینڈ کی ٹیموں کو شکست فاش سے دوچار کیا،11 نومبر کو دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی یہ میچ انٹرنیشنل سٹیڈیم ، دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل اور فائنل میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوں گے،دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا فائنل میچ 14 نومبر کو کھیلا جائیگا۔ دوسری جانب گروپ 2 میں ناقابل شکست رہنے والے گرین شرٹس کا خوف ابھی سے کینگروز کے اعصاب پر سوار ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔خود کوچ جسٹن لینگر نے اس بات کا اعتراف کیاکہ اس وقت پاکستان ایک انتہائی متوازن سائیڈ ہے، انھوں نے کہا کہ کپتان بابر اعظم اس وقت کھیل کے سپر اسٹار ہیں، ان کے پاس بہترین فاسٹ بولرز اور 2 انتہائی بہترین اسپنرز موجود ہیں، ہماری طرح وہ بھی ایک متوازن سائیڈ ہے، اس لیے مجھے امید ہے کہ یہ ایک کرکٹ کا بہترین مقابلہ ثابت ہوگا۔لینگر ہدف کے تعاقب کی صورت میں اعصاب کو کنٹرول میں رکھنے کے خواہاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جراتمندانہ حکمت عملی کی وجہ سے میگا ایونٹ میں ہم نے 7 بیٹرز اور 4 بولرز کو میدان میں اتارا۔