کراچی(این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تھانہ آئی نائن کی حدود میں کیش وین پر فائرنگ سے گارڈ زخمی ہوگیا جبکہ ڈاکو پیسے چھین کرفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔دارالحکومت میں نجی بینک کی کیش وین پر فائرنگ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کی،
جو پیسوں سے بھرے دو بیگ لوٹ کر فرار ہوگئے۔دووسری جانب کراچی کے علاقے میٹھادر میں کیش وین سے 20 کروڑ 50 لاکھ روپے کی چوری کی تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آگئے۔کیشن وین سے کروڑوں کی چوری کے معاملے میں گرفتار ملزم حسین شاہ نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے اور بتایا کہ واردات کا ماسٹر مائنڈ مفرور ملزم ذوالفقار ہے۔گرفتار ملزم حسین شاہ نے کہا کہ ملزم ذوالفقار کے حصے میں 4 کروڑ 30 لاکھ روپے آئے، واردات کے ماسٹر مائنڈ نے ہی مجھے سیکیورٹی کمپنی میں بھرتی کرایا۔ملزم حسین شاہ نے انکشاف میں بتایا کہ رقم چوری کے لیے ملزمان کی ہائی روف وین نے کئی روز تک کیش وین کا تعاقب کیا۔تفتیشی حکام کے مطابق واردات کے روز ملزم حسین شاہ نے بھاری رقم دیکھ کر ساتھیوں کو مس کال دیکر سگنل دیا۔حکام کے مطابق ملزمان نے رقم سے بھری 7 بڑی پیٹیاں پہلوان گوٹھ منتقل کیں، ہائی روف وین ملزم ذوالفقار کے کزن کے گھر لے جائی گئیں، جہاں رقم کا بٹوارہ ہوا۔تفتیشی حکام کے مطابق ملزم حنیف اللہ کے حصے میں 3 کروڑ 50 لاکھ، سلمان، امین کو ڈھائی، ڈھائی کروڑ ملے، چوری شدہ رقم سے 80 لاکھ روپے ملزم عابد کو ملے۔تفتیشی حکام کے مطابق وین ڈرائیور ملزم حسین شاہ کے حصے میں 5 کروڑ 80 لاکھ روپے آئے۔