لاہور(آن لائن) پنجاب حکومت نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133کے ضمنی الیکشن میں اپنے حمایت یافتہ امیدوار کو کامیاب کروانے کے لئے سرکاری خزانے کے منہ کھول دئیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے واضح نوٹسز کے باوجود حلقہ این اے 133 کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ضمنی الیکشن میں شہریوں کی حمایت حاصل کرنے کے
لئے سیوریج اور صاف پانی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور یہ ترقیاتی منصوبے مذکورہ حلقے سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمینوں کی ہدایت پر کروائے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ این اے 133 میں 5 دسمبر کو ضمنی الیکشن ہونے جا رہا ہے اور یہ نشست پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے پرویز ملک کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔