اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی )انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز کے بعد ڈالر کی قیمت گراوٹ کا شکار ہونا شرو ع ہو گئی ، نجی ٹی وی کے مطابق امریکی ڈالر کی قیمت اب تک ایک روپیہ 3 پیسے کم ہو چکی ہے ، ڈالر سستا ہونے کے بعد اس وقت 171 روپے 75 پیسے
میں فروخت ہو رہاہے ۔گزشتہ روز سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 4.2 ارب ڈالر کا پیکج دینے کا اعلان کیا گیا جس کے فوری بعد سے ڈالر کی قیمت گرنا شروع ہو گئی ، گزشتہ رو ز کاروبار کے اختتام تک ڈالر کی قیمت میں 2.47 روپے کمی ہوئی ۔خیال رہے گزشتہ روزمشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا تھا کہ سعودی عرب اسٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر رکھے گا۔اپنے بیان میں مشیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے مرکزی بینک میں 3 ارب ڈالر رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب 1.2 ارب ڈالر موخر تیل کی ادائیگیوں کیلئے بھی فراہم کرے گا۔شوکت ترین نے کہا کہ سعودی وزیر خزانہ نے گزشتہ شام اس فراخدلانہ اقدام کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ سعودی حکومت اور ولی عہد کا اس فراخدلانہ اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔علاوہ ازیں وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ پاکستان کو ادھار تیل کی سہولت فراہم کریگا ۔ٹویٹر پر اپنے بیان میں وزیر توانائی نے کہا ک سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سالانہ ایک ارب 20کروڑ ڈالر تیل کی سہولت فراہم کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ سعودی فنڈ اسٹیٹ بنک کو تین ارب ڈالر بھی فراہم کرے گا،اس سہولت سے ہمارے تجارتی اور فاریکس اکاونٹ پر عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اضافے کا دبائو کم ْ ہو گا۔