عمان (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے مرحلے کے دوسرے میچ میں سکاٹ لینڈ نے بنگلہ دیش کو شکست دے دی، بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، سکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں نو کھلاڑیوں کے
نقصان پر 140 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کو جیت کے لئے 141 رنز کا ہدف دیا، سکاٹ لینڈ کی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، 52 رنز کے سکور پر اس کی آدھی ٹیم واپس لوٹ چکی تھی، لیکن اس موقع پر کرس گریوز اور مارک واٹ نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، کرس گریوز نے 45 رنز بنائے اور مارٹ واٹ نے 22، جیورج مونسے نے 29 رنز بنائے ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی نمایاں سکور نہ کر سکا، بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن اور مستفیض الرحمان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مہدی حسن نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم کی جانب سے بھی آغاز کچھ اچھا نہیں ہوا، لٹن داس اور سومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا لیکن وہ دونوں صرف پانچ پانچ رنز ہی بنا سکے، ان کے بعد شکیب الحسن اور مشفیق الرحمان نے ٹیم کو کچھ سنبھالا دیا شکیب الحسن نے 20 رنز بنائے اور کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے، مشفیق الرحمان نے 36 گیندوں پر 38 رنز بنائے اور گریوز کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ان کے بعد محمداللہ نے 23، عفیف حسین18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بنگلہ دیش مقررہ اوورز میں 141 رنز بنانے میں ناکام رہا۔ مقررہ اوورز میں بنگلہ دیش نے 134 رنز بنائے اور اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ سکاٹ لینڈ نے یہ میچ چھ رنز سے جیت لیا۔