پٹنہ(این این آئی)بھارتی ریاست بہار میں پچھلے چند ماہ کے دوران متعدد افراد کے بینک اکانٹس میں اچانک کروڑوں روپے پہنچنے کے کئی واقعات پیش آئے ہیں۔ یہ افراد حیران اور پریشان ہیں جبکہ بینک حکام اس کی کوئی واضح وجہ بتا نہیں پا رہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق
ریاست بہار کے کئی اضلاع میں متعدد افراد کو اپنے بینک اکائونٹس میں جب کروڑوں روپے منتقل ہونے کی اطلاع ملی تو وہ حیران ہونے کے ساتھ ہی خوش فہمی کا شکار بھی ہو گئے۔ انہوں نے سمجھا کہ حکومت نے شاید ان کی پریشانیوں کا خیال رکھتے ہوئے فراخ دلی سے کام لیا ہے اور برسوں بعد ان کی امیدیں بہرحال اب پوری ہو گئی ہیں۔ تاہم جب ایسے افراد نے بینک سے رجوع کیا تو ان کی امیدوں پر پانی پھر گیا اور بینک نے بھی تکنیکی خامیوں کا حوالہ دے کر اپنا دامن جھاڑ لیا۔اس طرح کے تمام کیسز میں بینک حکام کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل بینکنگ سسٹم میں کوئی بڑی خامی ہے۔ گائوں میں جو بینک ہیں ان سے کروڑوں روپے کا لین دین کبھی نہیں ہوتا لیکن اس کے باوجودایسے اکائونٹ آپریٹ ہوتے رہے ہیں۔ایک بینک افسر نے نام ظاہر نہیں کرنے کی شرط پر کہا کہ اگر صورت حال یہی رہی تو آئندہ بہت مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ بینکنگ سسٹم میں ایسی خامی تشویش ناک ہے۔