کراچی(این این آئی)محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ بحیرہ عرب میں ڈیپ ڈپریشن سمندری طوفان شاہین ہوگیا ، سمندری طوفان بلوچستان کی ساحلی پٹی کے قریب سے گزریگا تاہم سندھ کی ساحلی پٹی سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان سے متعلق 5 واں الرٹ جاری کردیا۔ ڈیپ ڈپریشن کراچی کے ساحل سے 160 کلو میٹر دور ہے تاہم سندھ کے ساحل کو طوفان سے
کوئی خطرہ نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرق میں موجود سمندری طوفان کے گرد ہوا کی رفتار 65 سے 85 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان تیزی سے کراچی کی طرف بڑھنے لگا ہے، جس کے بعد یہ اگلے چند گھنٹوں میں سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں طوفانی ہوائوں کے ساتھ بارش کا سبب بنے گا۔سمندر طوفان سے بلوچستان کے علاقے گوادر، لسبیلہ، آواران، کیچ، خضدار، قلات، اور پنجگور موسلا دھار بارشیں، جب کہ سندھ کے علاقے کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین سمیت دیگر اضلاع میں ہلکی بارش متوقع ہے۔خصوصی گفتگو میں ڈائریکٹر میٹ آفس سردار سرفراز نے کہاکہ ڈیپ ڈپریشن 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغرب اور شمال مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کے باعث شہر قائد سمیت دیگر علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈیپ ڈپریشن کراچی کے ساحل سے 160 کلو میٹر دور ہے۔ ڈپریشن پہلے کراچی کے جنوب مشرق میں تھا وہ مزید شدت اختیار کرگیا اور فی الحال اسی سمت موجود ہے۔ امکان ہے کہ یہ سسٹم مزید شدت اختیار کرکے 6 سے 8 گھنٹے میں ہوا کا کم دبائو طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ یہ سندھ کے ساحل سے دور سے گزرے گا سندھ کے ساحل سے اسے کوئی خطرہ نہیں البتہ بلوچستان کے ساحل مکران کی جانب یہ طوفان بڑھ سکتا ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یکم اکتوبر سے اس طوفان کا نام گلاب سے تبدیل کرکے شاہین کردیا گیا ہے۔ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ مختلف علاقوں کے دورے کے دوران مرتضی وہاب نے بلدیاتی عملے کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نیو کراچی، نارتھ کراچی اور پاپوش نگر میں برساتی پانی کے نکاس کے لیے طریقہ کار بنایا ہے۔محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ سمندر میں 3 اکتوبر تک طغیانی کی صورتِ حال رہے گی، اس لیے ماہی گیر 3 اکتوبر تک سمندر میں نہ جائیں۔محکمہ موسمیات نے شہر میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش ناظم آباد اور نارتھ کراچی میں 24.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، پی اے ایف فیصل بیس پر 20، بیس مسرور پر 19، ڈیفنس فیز 2 میں 17.6، یونیورسٹی روڈ پر 9.1 اور سعدی ٹائون میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران اسلام کوٹ میں 21، ڈپلو 19، مٹھی 16، لاڑکانہ 10، چھاچھرو، بدین 8، موہنجوداڑو، دادو 6، نگرپارکر 4، پیڈی عیدن، ٹھٹھہ 3 اور ٹنڈو جام 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ریکارڈ کی گئی۔