کابل(این این آئی)افغان دارالحکومت میں کابل یونیورسٹی کے نئے ڈائریکٹر نے اعلان کیا ہے کہ یونیورسٹی میں خواتین کا داخلہ خواہ وہ لیڈی ٹیچر ہوں یا طالبات غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ نئے ڈائریکٹر محمد اشرف کو طالبان تحریک نے
گزشتہ روز مقرر کیا۔امریکی اخبار کے مطابق اشرف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ جب تک تمام افراد کے لیے اسلامی ماحول میسر نہیں آتا اس وقت تک خواتین کو یونیورسٹی آنے یا کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اولین ترجیح اسلام ہے۔اس حوالے سے ایک خاتون لیکچرار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس مقدس جگہ پر کچھ غیر اسلامی نہیں ہوا۔ صدور، اساتذہ، انجینئرز اور یہاں تک کہ مذہبی شخصیات بھی جن کی یہاں تربیت ہوتی ہے یہ سب معاشرے کا حصہ ہیں، کابل یونیورسٹی افغان قوم کا گھر ہے۔افغان وزارت برائے اعلی تعلیم کے سابق ترجمان اور کابل یونیورسٹی میں شعبہ صحافت کے سابق لیکچرار حمید العبیدی کا کہنا تھا کہ کوئی امید نہیں ہے۔ اعلی تعلیم کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ ہر چیز برباد ہو گئی۔