لاہور(این این آئی) محکمہ ایکسائز نے گاڑی و موٹرسائیکل ٹرانسفر کے لئے شہریوں کو بڑی سہولت دینے کا فیصلہ کرلیا، شہری گھر بیٹھے اپنی گاڑی و موٹرسائیکل ٹرانسفر کرواسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق شہری ایکسائز دفاترجانے کی بجائے کورئیر کمپنی کے نمائندے کو ٹرانسفر کے لئے فائل اور فیس جمع کروائیں گے۔ ڈی جی ایکسائز کا کہنا ہے کہ کورئیر کمپنی کا نمائندہ ایکسائز دفاتر سے گاڑی ٹرانسفر کے بعد کاغذات واپس مالک تک پہنچائے گا۔ مکمل ٹوکن ٹیکس ادا کرنے والے شہری اس سہولت سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔ کورئیرکمپنی کے نمائندہ کو گاڑیوں موٹرسائیکلوں کی ٹرانسفر فیس کی مکمل لسٹیں فراہم کی جائیں گی۔رضوان شیروانی کا کہنا ہے کہ بائیومیٹرک سسٹم کے آغازکے بعدسسٹم شروع کیا جائیگا۔ ڈلیوری کے لئے نئے کنٹریکٹ میں نیا سسٹم شامل کیا جائے گا جبکہ گھربیٹھے گاڑی ٹرانسفر کروانے والوں کو ڈلیوری کی ڈبل فیس ادا کرنا ہوگی۔