لاہور(این این آئی) چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال ان ایکشن، نیب لاہور کی نگرانی میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے 8 ملین پانڈ ریکوری کا آغاز کر دیا گیا۔نیب لاہور نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کیلئے ڈپٹی کمشنرزکو مراسلہ جاری کر دیا۔ لاہور میں نواز شریف کی 940 کنال 2 مرلہ اراضی موضع مانک، 299 کنال 12 مرلہ اراضی موضع
بدوکی سانی، 103کنال 6مرلہ اراضی موضع مال کو فروخت کرنے کا حکم دے دیا۔اسی طرح لاہور میں 312 کنال 14 مرلہ موضع سلطانکے، لاہور میں ہاس نمبر 135 اپر مال اور دیگر جائیدادوں میں 14 کنال زرعی اراضی واقع موضع منڈیالی شیخوپورہ کو فروخت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنرز کو قابل فروخت جائیدادوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کر دیا گیا۔ نواز شریف کو 10 سال قید، 8 ملین پانڈ جرمانہ کی سزا سنائی گئی تھی۔ مریم نواز کو 7 سال قید اور 2 ملین پانڈ جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔جرمانے کی موجودہ ویلیو 1 ارب 85 کروڑ روپے کے قریب ہے۔ مکمل ریکوری نہ کرنے کی صورت میں مزید اثاثے تلاش کئے جائیں گے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سابق وزیراعظم سے جرمانہ کی وصولی کیلئے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کو ملنے کے خواہشمند لیگی رہنمائوں نے برطانیہ میں لازمی قرنطینہ کی شرط ختم ہوتے ہی ویزوں کی درخواستیں دینا شروع کر دیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن )کی مرکزی قیادت اور اراکین اسمبلی کی کثیر تعداد لندن میں نواز شریف سے ملاقاتیں کرے گی۔شہباز شریف، مریم نواز، احسن اقبال ای سی ایل میں نام ہونے کے باعث باہر جانے سے قاصرجبکہ شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، امیر مقام، خواجہ آصف، رانا تنویر لندن جانے کے لئے تیار ہیں ۔پارٹی کے 20 سے زائد سینئر ارکان نے برطانوی ویزوں کے لیے درخواستیں جمع کرا دیں۔