لاہور(آن لائن ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بائولر عمر گل نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے نہیں علم کہ کبھی یہاں چیزیں تبدیل ہوں گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فاسٹ بائولر عمر گل نے کہا کہ
میں نے بلوچستان کی کوچنگ کے لئے اپلائی کیا تھا مگرمیر ی درخواست کو رد کردیا گیا اور راج ہانس کو ہائر کرلیا گیا ہے، ایک آرگنائزیشن کی جانب سے یہ مکمل طور پر غیر اخلاقی ہے، مجھے علم نہیں تھا کبھی یہاں چیزیں تبدیل ہوں گی۔سابق فاسٹ باولر کا کہنا تھا کہ بلوچستان ٹیم کے ساتھ وابستگی کے لئے ایک ہفتہ تک انتظار کیا اوراپنی دیگر مصروفیات بھی منسوخ کیں جبکہ پی سی بی میں پروفیشنلزم کا فقدا ن ہے جس سے میرا دل ٹوٹا ہے، گرینٹ بریڈ برن نے مجھے یقین دلایا تھا کہ میر انا م بلوچستان ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کے لئے تجویز کیا گیا ہے لیکن تمام طریقہ کار مکمل کرلینے کے بعد بھی میری درخواست چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے رد کر دی۔