اسلام آباد (این این آئی، آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کردیا۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے سوال اٹھایاکہ پیٹرول پانچ روپے مزید مہنگا ہوگیا، خان صاحب قوم کے اچھے دن کب آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پیٹرول ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا کر
عمران خان نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا مارا ہے، ڈالر اور پیٹرول جب تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہوں گے تو ہر شے عوام کی دسترس سے دور ہوتی چلی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کہا تھا کہ میں رلاؤں گا، آج پوری قوم رو رہی ہے اور خان صاحب چین کی بانسری بجارہے ہیں۔ بلاول بھٹو زر داری نے سوال اٹھایاکہ بجٹ کے بعد عوام کو ریلیف پہنچانے کے وہ بڑے بڑے دعوے کہاں گئے؟ ۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ سستا پیٹرول فراہم کرنے کا جھوٹ بول کر اقتدار میں آنے والے آج تاریخ کا مہنگا ترین پیٹرول بیچ کر اس کا دفاع بھی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے جمع ہونے والے اربوں روپے پی ٹی آئی حکومت کرپشن میں اڑادے گی۔دوسری جانب پی ڈی ایم نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کومسترد کر دیا ہے ،عمران خان نے پیٹرول میں پانچ روپے فی لیٹراضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کابم گرادیا ہے ۔پی ڈی ایم کے سیکرٹری اطلاعات حافظ حمد اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ
تین ماہ میں پیٹرول کی قیمتوں میں تقریبا پندرہ روپے اضافہ سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا جوعوام کے لئے ناقابل برداشت ہے،عمران خان تم نے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کاوعدہ کیاتھا کہاں ہے ،وہ ریلیف اوروعدے؟آپکی ناکام نااہل اورنالائق حکومت مہنگائی کنٹرول کر نے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے بجٹ عوام پر بہت بھاری پڑی،اب عوام کا
ایک ہی نعرہ ہے گوعمران گو اب عوام کہتے ہیں ہمیں نیانہیں وہی پراناپاکستان چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ تین سالوں میں سوائے گھبرانا نہیں اور کچھ نہیں کیا یہ حکومت غربت نہیں غریب کوختم کرنے پرتلی ہوئی ہے کیونکہ عمران خان ایک وعدے کوپوری تندہی سے پوراکرنے کی عزم کرچکے ہیکہ سکون قبرستان میں ہوگا اب مہنگائی کے ذریعے عوام کوقبرستان کاراستہ دکھارہاہے اسی لئے توروزاول سے پی ڈی ایم یہ کہتی چلی آرہی ہے کہ موجودہ حکومت مسلط ہے عوام کامنتخبحکومت نہیں یہ نااہل نالائق بھی ہے اب یہ حکومت عوام کیلئے عذاب بن چکی ہے جس سے قوم کونجات دینا ہماراہدف ہے۔