لاہور(این این آئی)مقامی عدالت نے مسجد وزیر خان میں گانے کی عکسبندی کے کیس میں پیش نہ ہونے پر اداکارہ صبا ء قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔جوڈیشل مجسٹریٹ جویریہ بھٹی نے تھانہ اکبری گیٹ کی طرف سے جمع کرائے گئے چالان پر سماعت کی۔طلبی کے نوٹس کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ پولیس کودونوں کو6اکتوبر کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ واضح رہے کہ مسجد وزیرخان میں گانے کی عکس بندی کے معاملے پر گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا ء قمر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، دونوں کے خلاف یہ مقدمہ تھانہ اکبری گیٹ میں وکیل فرخ منظور کی مدعیت میں درج کیا گیا۔