اسلام آباد (نیوز ڈیسک)یمن کے حوثی گروپ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فضائی کارروائی میں ان کی نامزد حکومت کے وزیراعظم احمد الرہوی جاں بحق ہوگئے۔حوثیوں کے مطابق یہ حملہ جمعرات کو دارالحکومت صنعاء میں اُس وقت ہوا جب احمد الرہوی وزراء کے ایک وفد کے ہمراہ موجود تھے۔ اس کارروائی میں دیگر وزراء کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں، تاہم مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق احمد الرہوی حوثیوں کے زیرِ انتظام حکومت میں وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور واقعے کے وقت ایک ورکشاپ میں شریک تھے۔ اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا کہ ’’حوثی حکومت کے فوجی ہدف‘‘ کو نشانہ بنایا گیا۔حالیہ مہینوں میں اسرائیل متعدد بار حوثی ٹھکانوں پر حملے کر چکا ہے جبکہ حوثیوں کی جانب سے بھی اسرائیلی اور مغربی جہازوں پر حملے جاری ہیں، جنہیں وہ فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی قرار دیتے ہیں۔ گروپ نے کہا ہے کہ اسرائیلی کارروائیاں ان کی مزاحمتی سرگرمیوں کو نہیں روک سکیں گی۔حوثی صدارتی دفتر کے مطابق حملے کے باوجود ان کی حکومت اور سرکاری ادارے معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔
ابھی تک ہلاکتوں کی صحیح تعداد سامنے نہیں آئی، تاہم اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کارروائی میں وزیراعظم سمیت 12 وزراء کو نشانہ بنایا گیا۔یہ فضائی حملہ 24 اگست کے اس واقعے کے چند روز بعد کیا گیا ہے، جس میں اسرائیلی فورسز نے صنعاء پر بمباری کرکے 10 افراد کو ہلاک اور 90 سے زائد کو زخمی کیا تھا۔ اُس وقت بھی حوثیوں کے فوجی مراکز اور صدارتی محل کو نشانہ بنایا گیا تھا۔