اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )طالبان کی نئی حکومت کابل کو دارالحکومت برقرار رکھے گی۔ قندھار کو دارالحکومت بنانے کی چہ مگوئیوں کا خاتمہ ہو گیا۔ ملا عبدالغنی برادر حکومت کی سربراہی کریں گے اور کابل میں رہیں گے، جبکہ طالبان کے
امیر ملا ہبۃ اللہ اخوندزادہ قندھار میں موجود رہیں گے۔تفصیلات کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے نئے حکومتی ڈھانچے کا اعلان جلد متوقع ہے، غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہےکہ مُلا ہبت اللہ سپریم لیڈر جبکہ ملاعبدالغنی بردار نئی افغان حکومت کے سربراہ ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر افغان اردو نے دعویٰ کیا ہے کہ نئی حکومت میں شیرمحمد عباس ستانکزئی اور مُلا یعقوب کو اہم عہدے دئیے جائیں گے،خبرایجنسی کا کہنا ہےکہ اسلامی گروپ کے3 ذرائع نے اس دعوے کی تصدیق کی ہے۔آج نماز جمعہ کے بعد امارت اسلامی کی نئی حکومت کا اعلان کیاجائے گا۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات سے پہلی بین الاقوامی پرواز کچھ ہی دیر میں کابل ائیرپورٹ پہنچے گی۔ امارات کے حکام اس پرواز میں کابل آ رہے ہیں، وہ طالبان کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔