لاہور (آن لائن) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں قومی ٹیم کی ٹاپ 3 میں واپسی ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹی ٹونٹی 7 وکٹوں سے ہارنے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم کو چوتھی پوزیشن پر تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے،
اس میچ سے قبل کیویزکے 263 پوائنٹس تھے تاہم بنگلہ دیش کے خلاف محض 60 رنز پر ڈھیر ہونے کے بعد بدترین شکست کا سامنا کرنے والی کیوی ٹیم کے اس وقت پوائنٹس کی تعداد 260 رہ گئی ہے، نیوزی لینڈ کی اس شکست کا فائدہ قومی ٹیم کو ہوا جو 261 پوائنٹس کے ساتھ اب تیسری پوزیشن پر چلی گئی ہے اور بنگلہ دیش کی مزید کامیابیاں پاکستانی ٹیم کی تیسری پوزیشن مستحکم کردے گی۔ٹی ٹونٹی رینکنگ میں انگلینڈ کی ٹیم 278 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے، بھارتی ٹیم نے 273 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن سنبھال رکھی ہے، جنوبی افریقی ٹیم 246 پوائنٹس کے ساتھ 5 ویں، آسٹریلیا کی ٹیم 240 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی، بنگلہ دیشی ٹیم 238 پوائنٹس کے ساتھ 7 ویں، افغانستان کی ٹیم 236 پوائنٹس لے کر 8 ویں، سری لنکن ٹیم 235 پوائنٹس کے ساتھ 9 ویں اور ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم 234 پوائنٹس کے ساتھ 10 ویں پوزیشن پر براجمان ہے۔ ڈیم سارہ سٹوری نے17 واں پیرالمپک گولڈ میڈل جیت کر ریکارڈ توڑ دیا۔