گھوٹکی(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعوی کیا ہے کہ آئندہ حکومت ہماری ہوگی، نواز شریف اور عمران خان نے پیپلز پارٹی کا منشور کاپی کیا،ہم غریب عوام کی ترقی چاہتے ہیں، احساس کہنے والوں کو عوام کا احساس ہی نہیں ہے،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا ہے، ہم غریب عوام کی ترقی چاہتے ہیں، ہمیں غربت کے خلاف جدو جہد کرنی ہے
۔سندھ کے ضلع گھوٹکی کے ڈگری کالج کے قریب تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی خدمت پریقین رکھتی ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا، ہم نے غربت کیخلاف جدوجہد کرنی ہے۔ خواتین ترقی کریں گی تو پوراپاکستان ترقی کرے گا۔ کچھ لوگ اسلام کے نام پر عورتوں کے حقوق سلب کرنا چاہتے ہیں، وہ دن دور نہیں جب نثار کھوڑو اور مراد علی شاہ کی جگہ خواتین کام کریں گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لائے، نواز شریف اورعمران خان بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے مخالف تھے، مخالفین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا مذاق اڑاتے تھے لیکن دنیا نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سراہا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک سے غربت ختم کرنا اور خواتین کو مالی طور پر مستحکم اور خود مختار کرنا ان کی پارٹی اور شہید بینظیر بھٹو کا منشور تھا۔ان کے دیئے گئے منشور اور پروگرام کو اگرچہ نواز شریف اور عمران خان نے آگے چلایا مگر اس کے نام تبدیل کیے گئے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ پر بینظیر بھٹو کی تصویر کی جگہ کسی اور کی تصویر لگانے یا پھر اس کا نام احساس رکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ میاں صاحب اور خان صاحب نے ان کا منشور چرایا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آج عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہا ہے اور حکومت کو کوئی احساس ہی نہیں۔عمران خان نے ایک لاکھ سستے گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا؟ کیا آج تک انہوں نے سندھ میں کوئی ایک بھی گھر بنایا؟۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ حکومت میں لوگ بیروزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے مشکل میں ہیں، احساس کہنے والوں کو احساس ہی نہیں ہے، عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں، عمران خان نے 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کرکے الٹاغریبوں کے گھر گرادیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا سے لیکر گوادر تک سب خواتین کو مالی مدد مل رہی ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کچھ نیا نہیں کیا صرف پیپلز پارٹی کی نقل کی ہے، آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی اور ہم انکم سپورٹ پروگرام بہتر انداز میں چلائیں گے۔انہوں نے پیپلز پارٹی کی کارکردگی بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سندھ رورل سپورٹ پروگرام(ایس آر ایس او)کے تحت صوبے بھر میں 23 ہزار سے زائد گھر بنائے جا چکے ہیں۔اسی پروگرام کے تحت 6 ہزار سے زائد لوگوں کو صحت انشورنس فراہم کی گئی جب کہ 18 ہزار افراد کو مالی طور پر مستحکم کیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے ساتھ دینے کا وعدہ لیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور حکومت و و اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ سندھ بھر کی خواتین سیاست میں آگے آئیں۔انہوں نے نوجوانوں اور خواتین کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جلد ہی ملک میں مقامی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جس کے لیے ان کی پارٹی نے یونین کونسل کی سطح تک خواتین اور نوجوانوں کے لیے مخصوص سیٹس کا اعلان کیا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ دیہات کی خواتین آگے آئیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ بھر میں 13 لاکھ خاندانوں کو مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔،قبل ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خالد آباد میں رکن قومی اسمبلی خالد لونڈ کی رہائش گاہ پر ظہرانے میں شرکت کی،اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری سے ہندو کمیونٹی، میگھواڑ کمیونٹی، آرائیں برادری، سومرو برادری،ٹانوری برادری، سمیجو برادری،ڈہر برادری ،دشتی برادری، رند برادری، مزاری برادری، چاچڑ برادری، آرائیں برادری، چانڈیہ برادری، ٹرٹ برادری، سولنگی برادری اور کمبوہ برادری کے معززین نے ملاقات کی ۔بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ، نثار کھوڑو، محمد بخش مہر، ناصرشاہ،ضیا عباس شاہ ،مکیش کمارچائولہ، شہریار شر، جام خان شورو، میاں منظور، بابر لونڈ، شہباز لونڈ، سردار لونڈ اور نورمحمد لونڈ بھی موجودتھے