کابل ٗ لندن(این این آئی ) ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکا کو حملے سے پہلے ہمیں اطلاع دینی چاہیے تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے کے اندر پوری کابینہ کا اعلان کر دیا جائے گا تاہم کابینہ میں خواتین ارکان کے شامل ہونے سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ترجمان طالبان نے مزید کہا کہ
امریکا، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک افغانستان سے سفارتی تعلقات بحال رکھیں۔خیال رہے کہ کابل ائیرپورٹ پر خودکش دھماکے کے بعدگزشتہ روز امریکا کی جانب سے ایک بار پھر افغانستان پر فضائی حملہ کیا گیا اور ائیرپورٹ پر حملے کے منصوبہ ساز کی ہلاکت کا دعوی کیا گیا۔دوسری جانب برطانوی سفارت خانے کا عملہ افغانستان سے انخلا میں جلدی کے چکر میں ملکہ برطانیہ کی تصویر سفارت خانے میں ہی چھوڑ کر چلا گیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی حکام نے جلد بازی میں کابل میں موجود برطانیہ کے سفارت خانے کو بند اور سوشل میڈیا اکائونٹ کو بھی مکمل طور پر بند کردیا۔برطانوی عملہ جلد بازی میں ملکہ برطانیہ کا پوٹریٹ اور اہم دستاویزات سفارت خانے میں ہی بھول گیا۔ سفارت خانہ خالی ہونے کے بعد طالبان نے اس کا کنٹرول سنبھال لیا اور انہوں نے اندر موجود دستاویزات کی تصدیق بھی کی ۔افغان طالبان نے برطانیہ کو یقین دہانی کرائی کہ ملکہ کی تصویر اور دیگر دستاویزات کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، کسی بھی چیز کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ طالبان کا کہناتھا کہ جب تک برطانیہ ہماری حکومت کو تسلیم کرکے اپنے سفارت کار واپس نہیں بھیج دیتا تب تک ہرچیز جوں کی توں رکھی جائیگی اور ہم ملکہ کی تصویر کا بھی خیال رکھیں گے۔