نیویارک(این این آئی)چین نے افغانستان میں غیر ملکی افواج کے احتساب کا مطالبہ کردیا۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا افغانستان کی صورتحال پر خصوصی اجلاس ہوا
جس میں مختلف ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔اجلاس میں چینی مندوب نے افغانستان میں غیر ملکی افواج کے احتساب کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا سمیت غیر ملکی افواج کا احتساب کیا جانا چاہیے۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ہائی کمشنر مشیل باشلے نے خصوصی سیشن سے خطاب میں کہا کہ طالبان خواتین کے حقوق کے احترام کے وعدوں کی پاسداری کریں اور انہیں حقیقت بنائیں۔انہوں نے کہاکہ طالبان کاخواتین کے ساتھ سلوک سرخ لکیر متعین کرے گا۔مشیل باشلے نے کہا کہ یو این ہیومن رائٹس کونسل طالبان کے اقدامات کو مانیٹر کرنے کیلئے میکینزم بنائے۔ہائی کمشنر کا کہنا تھاکہ طالبان کیزیرقبضہ بہت سے علاقوں میں بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کی قابل اعتماد رپورٹس ہیں۔