بیجنگ (این این آئی)چین نے امریکا کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین کے دورہ چین کے موقع پرامریکا پر زور دیا ہے کہ وہ چین کو برا بھلا کہنے کا سلسلہ بند کرے۔میڈیارپورٹس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ چین کے نائب وزیر خارجہ ژائی فینگ نے شرمین سے کہاکہ امریکا کو شاید یہ امید ہوگی کہ چین کو برا بھلا کہہ کر کسی نہ کسی طرح اپنے داخلی مسائل کے لیے بیجنگ کو مورد الزام ٹھہرائے۔ لیکن ہم امریکا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی انتہائی گمراہ کن ذہنیت اور خطرناک پالیسی کو تبدیل کرے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا چین کو دشمن تصور کرتا ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ چینی عوام امریکا کے منفی بیان بازی کو چین کو قابو میں رکھنے اور اسے کچلنے کی درپردہ کوشش سمجھتے ہیں۔