ریاض (این این آئی)سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ مسجدالحرام، اطراف کے مقامات اور مشاعرمقدسہ (منی ، مزدلفہ اور عرفات)میں اجازت نامے کے بغیر جانے کی کوشش پر جرمانہ ہو گا۔سعودی عرب کی
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ کے ایک عہدہ دار نے بتایا کہ ایام حج میں المسجدالحرام،اس کےآس پاس کے مقامات اور مشاعرمقدسہ (منی، مزدلفہ اورعرفات) میں جانے کے لیے مجاز حکام کا جاری کردہ اجازت نامہ ضروری ہوگا۔وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ 5 جولائی سے 23 جولائی تک یہ پابندی نافذالعمل ہوگی۔اس کی خلاف ورزی کے مرتکبین پر دس ہزار ریال جرمانہ عاید کیا جائے گا۔وزارت داخلہ کے ترجمان نے تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ہدایت کی کہ وہ حج موسم سے متعلق سرکاری ہدایات کی پاسداری کریں۔ان پابندیوں پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اہلکار مسجد الحرام، منی، مزدلفہ اورعرفات جانے والے تمام راستوں اورگذرگاہوں پر کڑی نظر رکھیں گے۔اجازت نامے کے بغیران مقامات کی جانب جانے والے افراد کو روکا جائے گا۔