ریاض (این این آئی)سعودی وزارت حج و عمرہ اس وقت منی میں عازمین حج کے قیام کے ٹھکانے تیار کرنے پر کام کر رہی ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات وزارت کے ترجمان انجینئر ہشام سعید نے بتائی۔ہشام کے مطابق مقامات
مقدسہ میں انتظامی امور اور خیموں کو منظم کرنے کے سلسلے میں چار مرکزی رنگوں کا تعین کیا جائے گا۔ اسی طرح ان مقامات کے محل وقوع کو حجاج کرام کے اسمارٹ کارڈ کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔ ان اقدامات کا مقصد عازمین حج کی نقل و حرکت کو آسان اور منظم بنانا ہے۔ادھر وزارت حج و عمرہ نے حج سیزن میں ٹور آپریٹنگ کے نظام میں شریک 9 اداروں کو جوائنٹ اسٹاک کمپنیوں میں تبدیل کر دیا ہے۔ حج و عمرہ کے نائب وزیر ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط کے مطابق مذکورہ ادارے اللہ کے مہمانوں کی خدمت کی طویل تاریخ رکھتی ہیں۔ مشاط نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں تمام کمپنیوں کی سبسکرپشن (آئی پی او)نظام کے مطابق شفاف طریقے سے پیش کی گئی۔نائب وزیر نے باور کرایا کہ یہ پیش رفت سرمایہ کاری کے میدان میں تنوع پیدا کرے گی۔ اس مقصد کے لیے انتظامی امور کی اہلیت اور تجربہ رکھنے والے افراد کا تقرر عمل میں آئے گا۔