ریاض ٗمکہ مکرمہ(این این آئی)سربراہ حرمین انتظامیہ شیخ عبدالرحمن السدیس کی جانب سے رواں سال حج کے لیے آپریشنل پلان جاری کردیا گیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شیخ عبدالرحمن السدیس نے جمعرات کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہاکہ رواں سال حج کے لیے آپریشنل پلان جاری کردیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ وقوف عرفہ کے خطبے کا ترجمہ 10 زبانوں میں دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس سال 10 ہزار کارکنان عازمین حج کی خدمت پر مامور ہوں گے،
جبکہ مسجد الحرام میں طواف کے لیے 25 ٹریک بنائے گئے ہیں۔حرمین انتظامیہ نے کہاہے کہ خانہ کعبہ کا غلاف تین میٹر تک اوپر کر دیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حرمین کی انتظامیہ نے بتایاکہ سفید کاٹن کا کپڑا حج سے قبل احتیاطی تدابیر کے طور پر خانہ کعبہ کے چاروں طرف لگایا گیا ہے۔انتظامیہ کاکہنا تھاکہ سفید کپڑا لگانے کیلیے خصوصی برقی سیڑھیاں استعمال کی گئیں۔ذرائع حرمین انتظامیہ کے مطابق 50 سے زائد ماہرین کی مخصوص ٹیم نے سفید کپڑا لگانے کا کام انجام دیا ہے۔