اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ن کے رہنما غلام عباس میر واپس پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے، وہ بعض اختلافات پر پیپلزپارٹی چھوڑ گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما غلام عباس کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے بعد پیپلزپارٹی نے غلام عباس کے
بیٹے کو آزاد کشمیر انتخابات کے لیے ٹکٹ جاری کردیا۔نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق غلام عباس میر کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو قائد ہیں، لاہور کو پیپلزپارٹی کا قلعہ بنائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں واپس جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، 25 جولائی کو آزاد کشمیر کی لاہور نشست سے پی پی جیتے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے سینئر رہنما سردار طاہر اقبال نے وزیراعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔سردار طاہر اقبال کا کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ ن چھوڑ کر آج پی ٹی آئی میں شامل ہو رہا ہوں،آزاد کشمیر میں انصاف کے اداروں کو متنازع بنایا جارہا ہے،راجہ فاروق حیدر نے شعبۂ تعلیم میں نالائق لوگوں کو مستقل بنیادوں پر ملازمت دے دی۔