لاہور (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مبینہ فارورڈ بلاک میں جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین کے بارے میں علی ظفر تحقیقاتی رپورٹ سامنے لانے کے لئے وزیراعظم پر دبائو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور
وزیراعظم عمران خان نے علی ظفر تحقیقاتی رپورٹ 31 مئی تک سامنے لانے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن 31 مئی کی تاریخ گزر جانے کے باوجود یہ رپورٹ تاحال سامنے نہیں لائی گئی یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پر دبائو بڑھانے کا فیصلہ جہانگیر ترین کی عدالت پیشی سے قبل ان کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ جہانگیر ترین گروپ کے ارکان علی ظفر رپورٹ سامنے لانے کیلئے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے جلد ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ پنجاب کا صوبائی بجٹ 14 جون کو پیش ہونے کے لئے جا رہا ہے۔ لیکن وفاق اور پنجاب علی ظفر رپورٹ تاحال دبائے ہوئے ہیں۔ ملاقات کا مقصد علی ظفر رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ بجٹ کی منظوری کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ 14 جون سے قبل 11 جون کو جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین کی عدالت میں پیشی ہے۔