لاہور( این این آئی، آن لائن )مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری اغوا ء برائے تعاون تھا، یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار ہیں انہیں ڈنکے کی چوٹ پر ووٹ دیں گے۔احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مریم نواز کو بھیجے گئے نیب
نوٹس پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے مگر تاش کے پتوں کا محل بکھر جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار ہیں انہیں ڈنکے کی چوٹ پر ووٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری دراصل اغوا ء برائے تعاون تھا، حمزہ کو جیل میں رکھا گیا تاکہ شہباز شریف اور نواز شریف کو دبا ئومیں لایا جاسکے۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی الزام تراشی کے این اے 75 کی تحقیقات کرائے۔ این اے 75 ڈسکہ میں 100 پولنگ اسٹیشنز ہیں جن میں سے 20 پریزائیڈنگ افسران کو اٹھا لیا گیا تھا۔ ڈسکہ میں فائرنگ کروائی گئی اور پولنگ کے عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ پولنگ کا عمل سست روی کا شکار ہی نہیں ہوا بلکہ کچھ دیر رکا بھی رہا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ن لیگ پر اگر معاملہ خراب کرنے کا الزام لگاتی ہے تو تحقیقات بھی کرے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ الیکشن ریفارمز سے مراد اختیار
الیکشن کمیشن کو دیا جائے۔ ریٹرننگ آفیسر (آر او) کے پاس اختیارات تھے کہ وہ معاملے کا ایکشن لیتے ؟انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری، فائرنگ اور پولنگ عمل کو متاثر کرنے کی تحقیقات کی جائے۔ یہ تو مجھ پر الزام عائد کر رہے ہیں کہ پولنگ عمل پر میں اثر انداز ہوا جو سراسر غلط ہے۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پرویز رشید پنجاب ہاؤس کی رقم جمع کرانے کے لیے تیار تھے لیکن انہیں رقم جمع کرانے نہیں دی گئی۔ پرویز رشید کو سینیٹ کے لیے نااہل قرار دینا انصاف کا قتل ہے ۔