کراچی (یواین پی) سندھ منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور 15مشکوک اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے۔ ان اکاؤنٹس میں سے چار بظاہر جعلی اور بے نامی اکاؤنٹس ہیں۔ ان اکاؤنٹس میں منتقل ہونے والی رقم چھ ارب روپے ہے۔ منی لانڈرنگ کیس میں جعلی اور بے نامی اکاؤنٹس کی تعداد 33 ہو گئی ہے جبکہ منی لانڈرنگ کیس کی رقم 35 ارب سے بڑھ کر 41 ارب روپے ہو گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق چار جعلی اکاؤنٹس بھی ان بینکوں کے ہیں جن بینکوں
کے پہلے 29 جعلی اکاؤنٹس ہیں چار اکاؤنٹس میں چھ ارب روپے کی رقم آئی بھی ہے اور گئی بھی ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق نئے انکشاف شدہ اکاؤنٹس میں کچھ اومنی گروپ کے بھی ہیں۔ نئے اکاؤنٹس منی لانڈرنگ تحقیقات کے دوران سامنے آئے ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ان اکاؤنٹس سے زرداری گروپ کے اکاؤنٹس میں نو کروڑ روپے کی رقم کی ترسیل ہوئی ہے اور یہ دو کمپنیوں کے نام پر ہوئی ہے اور ان دو کمپنیوں کے اکاؤنٹس بھی جعلی اور بے نامی ہیں۔